لاہور (ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ترقیاتی فنڈز کے استعمال کے لیے روایت ایک جیسی ہونی چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ سندھ میں ترقیاتی بجٹ استعمال کرنے کی اجازت نہ ہو اور دیگر صوبوں میں ہو، پنجاب اور وفاق میں ترقیاتی اسکیموں پر کام جاری ہے، ڈیولپمنٹ سے متعلق وفاق اور تمام صوبوں میں لیول پلیئنگ فیلڈ ایک جیسی ہونی چاہیے۔
بلاول بھٹو نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق شکایت کسی اور سے نہیں صرف ن لیگ سے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا ہمیشہ مطالبہ رہا ہے کہ نواز شریف کو واپس آنا چاہیے، نواز شریف واپس آتے ہیں تو پیپلزپارٹی ویلکم کرے گی، ہم بھی اپنے مقدمات کا سامنا کرنے کو تیار ہیں اور امید کرتے ہیں کہ نواز شریف بھی ایسا ہی کریں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ نیب کے کیسز پرانے ہیں اور چلتے آرہے ہیں، ان کا آئندہ الیکشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، سپریم کورٹ کی کارروائی براہ راست دکھانا اچھا اقدام ہے۔