You are currently viewing تربیلا سے بٹن بند کردیا تو آدھے پاکستان کی بجلی بند ہوجائے گی، علی امین

تربیلا سے بٹن بند کردیا تو آدھے پاکستان کی بجلی بند ہوجائے گی، علی امین

صوابی (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کل وفاق کا شکریہ ادا کیا اور آج دھمکی لگادی اور کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے جب جیل سے کال دی تو ان کیساتھ وہ کھیل کھیلیں گے کہ ان کی نسلیں یاد رکھیں گی۔
صوابی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ تربیلا سے ایک بٹن بند کردیا تو آدھے پاکستان کی بجلی بند ہوجائے گی۔ خیبر پختونخوا میں 22 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ برداشت نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوکریوں کے علاوہ لوگوں کو روزگار دیں گے، کاروبار شروع کرنے کے لیے بلاسود قرضے دیں گے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں ہمارے لیے قید ہیں، بانی پی ٹی آئی کے خلاف جو کیسز ہیں وہ سارے جعلی ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ آپ لوگ وعدہ کریں رشوت ختم کرنے میں میرا ساتھ دیں گے۔ جس گاڑی میں آیا ہوں وہ عوام کی ٹیکس سے چلتی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ایکسین صاحب دوبارہ یہاں آؤں تو روڈ پر گڑھا نظر نہیں آنا چاہیے، یہاں منشیات فروش مجھے نظر نہیں آنا چاہیے، منشیات فروشوں کو یہاں سے نکالو۔ عوام منشیات فروشوں کی نشاندہی کریں۔
وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے صوابی کا دورہ کیا جہاں پیہور ہائی لیول کینال ایکسٹینشن پراجیکٹ کے لاٹ ون کا افتتاح کیا۔
لاٹ ون مجموعی طور پر ایک ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے، منصوبہ 15.6 ارب روپے کی لاگت سے 3 لاٹس اور 4 پیکجز میں مکمل کیا جائے گا۔ منصوبے کی ابتدائی کمانڈ ایریا 30 ہزار ایکڑ ہے، مزید 8 ہزار سے زائد ایکڑ کا اضافہ کیا جائے گا۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.