You are currently viewing تحریک انصاف کی پیشکش پر پی ڈی ایم میں غور ہو گا، خواجہ سعد رفیق

تحریک انصاف کی پیشکش پر پی ڈی ایم میں غور ہو گا، خواجہ سعد رفیق

لاہور (ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے عمران خان کی جانب سے مذاکرات کی مشروط پیشکش پر دو ٹوک موقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات پیشگی شرط کے بغیر ہوں گے، دھمکیاں بہتان گالیاں اور مذاکرات اکٹھے نہیں چل سکتے ، مذاکرات کا ماحول بنانا پڑتا ہے ، مذاکرات ان کی ضرورت ہے ہماری ضرورت نہیں ، تحریک انصاف کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش پر معاملہ پی ڈی ایم میں جائے گا اور وہیں حتمی فیصلہ ہونا ہے ۔
ماڈل ٹائون میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدار ت پارٹی کی سینئر قیادت کا مشاورتی اجلاس ہفتہ کو منعقد ہوا جس میں عمران خان کی مشروط مذاکرات کی پیشکش کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے بعد وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے عطا اللہ تارڑ اور ملک محمد احمد خان کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دی ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان نے مذاکرات کی جو پیشکش کی ہے اس کا حتمی فیصلہ پی ڈی ایم اتحادی مل کر کریں گے ۔
اگر کوئی ایڈونچر کرنا چاہتا ہے تو کر لے ،ہم راستے میں رکاوٹیں کھڑی نہیں کریں گے یہ بھول جائیں کہ ہم ان کا بازو پکڑیں گے ، روکنے کی کوشش کریں گے ، اگر یہ اسمبلیاں توڑنا چاہتے ہیں تو توڑ لیں ہم اس کا حصہ نہیں بنیں گے ،اگر آپ نے اسمبلی توڑی تو بے آسرا آپ نے ہونا ہے ، دو صوبائی حکومتوں اوردو ریاستی حکومتوں پر آپ کاخرچہ چلتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اگر آپ آئینی بحران پیدا کریں گے تو ہم آپ کو ایسا نہیں کرنے دیں گے ، ان شا اللہ ملک میں کوئی آئینی بحران پیدا نہیں ہوگا، جو بھی ہوگا آئین و قانون کی پیروی کی جائے گی، سندھ ،بلوچستان کی اسمبلی اور قومی اسمبلی موجود رہے گی ۔