You are currently viewing بے نظیر بھٹو اپنے نام کی طرح بے نظیر تھیں، مریم اورنگزیب کا یوم شہادت پر پیغام

بے نظیر بھٹو اپنے نام کی طرح بے نظیر تھیں، مریم اورنگزیب کا یوم شہادت پر پیغام

اسلام آباد (ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے محترمہ بے نظیر بھٹو کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید اپنے نام کی طرح بے نظیر تھیں۔
انہوں نے صبر آزما حالات میں بھی ایک بہادر بیٹی، ماں، اہلیہ اور بہن کے رشتے بڑی خوبی اور جرأت سے نبھائے، بےنظیر بھٹو سیاست میں تدبر، بہادری اور جدوجہد کی روشن مثال ہیں، وہ آخری سانس تک وفاق کی زنجیر بن کر پاکستان کے اتحاد، ترقی اور خوشحالی کے لیے برسرپیکار رہیں۔ منگل کو بے نظیر بھٹو کے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بے نظیر بھٹو خواتین سیاسی کارکنوں کے لیے تحریک کا درجہ رکھتی تھیں جنہوں نے ہمیشہ آمریت کو للکارا۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے ذاتی زندگی میں بھی بہت دکھ سہے لیکن مشکلات ان کی سیاسی و جمہوری جدوجہد کو مزید طاقتور اور توانا بناتی گئیں۔ آئین، پارلیمنٹ، جمہوریت، عوامی حقوق اور سماجی بہتری کے لیے بے نظیر بھٹو شہید کی جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، ان کی شہادت پاکستان کا بہت بڑا نقصان تھا جسے قوم کبھی بھلا نہیں سکے گی۔وفاقی وزیر اطلاعات نے سابق صدر آصف علی زرداری، بلاول، بختاور اور آصفہ بھٹو سمیت تمام اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید بے نظیر بھٹو کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ ترین مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7