کراچی (ڈیسک) بحر عرب میں برپا ہونے والا سائیکلون ہائپر جوائے شدت کے ساتھ کراچی کے ساحل سے 770کلومیٹر دوری پر واقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان ٹھٹھہ کے ساحل سے 750کلومیٹر جب کہ بلوچستان میں اوڑماڑہ کے جنوب مشرق میں 860کلومیٹر کی دوری پر موجود ہے۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق سسٹم کے درمیان ہوائیں شدت کے ساتھ چل رہی ہیں جن کی رفتار 160کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ طوفان کے باعث سمندری لہریں بیچ سمندر میں 30سے 40فٹ بلند ہو رہی ہیں۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز احمد نے بتایا کہ طوفان بھارتی خلیج کچ اور جنوب مشرق میں سندھ کے علاقوں سے ٹکرا سکتا ہے جس کے اثرات کا اندازہ سسٹم کی شدت سے لگایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیٹی بندر پر سمندری طوفان کے باعث پانی کہ لہریں دس فٹ بلند ہو سکتی ہیں ۔
سمندری طوفان کے زیر اثر کراچی کے موسم پر اس کے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں جن میں سندھ کے جنوب مشرقی علاقوں میں تیزی بارش متوقع ہے۔ سندھ کے علاقوں بدین، تھرپارکر، میر پور خاص، سجاول، کراچی ، ٹھٹھہ میں ایک دو روز میں موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔ تیز ہوائوں کے چلنے سے کمزور عمارتوںکو نقصان ہو سکتا ہے، جب تک سمندر میں طوفانی کیفیت موجود ہے ، ماہی گیر و دیگر لوگوں کو کھلے سمندر میں جانے سے اجتناب برتنے کی ہدایت کی گئی ہے، طوفان کے ختم ہونے تک سمندر میں طغیانی کی کیفیت برقرار ہے گی جس کے اثرات کراچی کے ساحل پر تیز لہروں کی صورت میں بھی دیکھے جا سکیں گے۔