You are currently viewing بھارت کانام نہادجمہوری چہرہ مقبوضہ کشمیرمیں بری طرح بےنقاب ہو چکا، سید علی گیلانی

بھارت کانام نہادجمہوری چہرہ مقبوضہ کشمیرمیں بری طرح بےنقاب ہو چکا، سید علی گیلانی

سرینگر (ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارتی فورسز کی طرف سے آزادی پسند رہنماؤں ،کارکنوں اور عام نوجوانوں کی گرفتاری کی لہر اور جبر و استبداد کی دیگر کارروائیوں پر اپنے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا نام نہاد جمہوری چہرہ مقبوضہ علاقے میں بری طرح سے بے نقاب ہو چکا ہے ۔

 کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے نام نہاد بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لییحریت رہنماؤں،کارکنوں اور عام کشمیری نوجوانوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان غلام احمد گلزار، پیر غلام محی الدین اور ایڈوکیٹ حسین احمد پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر کے جموں خطے کی کوٹ بھلوال جیل منتقل کرنے ، حریت رہنماؤں حکیم عبدالرشید، محمد یٰسین عطائی، سید امتیاز حیدر، عابد جاوید وانی ، سہیل مشتاق ڈار اور توصیف احمد لون کو مختلف تھانوں میں نظربند رکھنے جبکہ محمد صادق لون ، جاوید احمد وانی ، فاروق احمد شیخ اور گلزار احمد کو کپواڑہ جیل منتقل کرنے کی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے ہر جمہوری ملک میں لوگوں کو اپنے خیالات اور جذبات کے اظہار کی کھلی آزادی حاصل ہے البتہ جموں کشمیر واحد خطہ ہے جہاں لوگوں کو ظلم وجبر، سفاکیت، زیادتیوں اور ناجائز غاصبانہ قبضہ کے خلاف آواز اٹھانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔انھوں نے کہا کہ بھارت جو دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہونے کا دعویٰ کرتا ہے جمہوری قدروں کو مقبوضہ علاقے میں بری طرح سے پامال کر رہا ہے۔سید علی گیلانی نے بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کے مکمل بائیکاٹ کی اپیل دہراتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں نے 2017 ؁ء کے نام نہاد ضمنی انتخابات کے دوران میں جس جذبے، حوصلے اور یکسوئی کا مظاہرہ کیا اسے آج ایک بار پھر دہرانے کی ضرورت ہے تاکہ دنیا تک کشمیریوں کا یہ پیغام پہنچ جائے کہ انتخابی ڈرامے رائے شماری کا بدل نہیں جس کے لیے وہ جدوجہد کر رہے ہیں اور جس کا بین الاقوامی سطح پر ان کے ساتھ وعدہ کیا گیا ہے ۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ کشمیر ی روز اپنے پیارو ں کے جنازروں کو کندھا دیتے ہیں اور یہاں کاہر گھر ماتم کدہ بنا ہوا ہے ، ہر گلی میں آہ وفغاں کی صدائیں سُنائی دے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت فراڈ اور ڈھونگ انتخابا ت کے ذریعے عالمی برادری کو یہ تاثر دینے کی کوشش کرتا ہے کہ کشمیری ہر طرح کے جمہوری عمل میں حصہ لیتے ہیں اور وہ اس کے ساتھ خوش ہیں۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب پوری آزادی پسند قیادت کو گھروں، تھانوں اور جیلوں میں نظربند کر دیا گیاہے اور انہیں عوام تک پہنچنے کا موقع نہیں دیا جا رہا علماءِے کرام، آئمہ مساجد، سول سوسائٹی اور معاشرے کے دیگر طبقوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ نام نہاد انتخابات کے بائیکاٹ کی اہمیت اور ووٹ ڈالنے کے منفی نتائج سے کشمیریوں کو آگاہ کریں ۔ حریت چیئرمین نے آزادی پسند رہنماؤں ، کارکنوں اور عام کشمیری نوجوانوں کی غیر قانونی نظر بندی اور گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ ڈھونگ انتخابات کی اصل حقیقت جاننے کے لیے اپنی ایک ٹیم کشمیربھیجے۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.