You are currently viewing بھارت میں افغانستان کا سفارتخانہ مستقل بنیادوں پر بند

بھارت میں افغانستان کا سفارتخانہ مستقل بنیادوں پر بند

نئی دہلی (نیوز ڈیسک) سفارتی تعاون نہ ملنے پر افغانستان نے بھارت میں اپنا سفارتخانہ مستقل بنیادوں پر بند کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغانستان نے بھارت میں درپیش چیلنجز کے باعث اپنا سفارتخانہ مستقل بنیادوں پر بند کیا ہے جس کی تصدیق افغانستان نے بھی کی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر افغان ایمبیسی کی جانب سے سفارتخانہ بند کیے جانے کی تصدیق کی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق افغان حکومت کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے سفارتی تعاون نہ ملنے پر سفارتخانہ بند کیا گیا جس کا اطلاق 23 نومبر سے کیا گیا۔
افغان سفارتخانے کی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ یکم اکتوبرکو سفارتخانے کے آپریشنز روکے جانے کے بعد اب سفارتخانہ بند کرنے کے فیصلے کا اطلاق جمعرات سے ہوچکا ہے۔

پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ 30 ستمبر کو سفارتخانے کے آپریشنز روکے جانے کے فیصلے سے امید تھی کہ بھارتی حکومت سفارتخانے کے ساتھ روز مرہ کے معمولات کے لیے کوئی مثبت قدم اٹھائے گی لیکن بدقسمتی سے ان 8 ہفتوں کے انتظار میں سفارتکاروں کے ویزوں کی توسیع اور بھارتی حکومت کا طرز عمل حقیقت پسندانہ نہیں تھا ۔
افغان سفیر کے مطابق سفارتخانے کی چابیاں میزبان حکومت کو دے دی ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت میں تعینات افغان سفارت کار سیاسی پناہ کے لیے امریکا اور یورپ گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے افغان سفارتخانہ مستقل بند کیے جانے پر کوئی ردعمل جاری نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ نئی دہلی میں واقع افغان سفارتخانے میں اشرف غنی حکومت کی جانب سے تعینات کیا گیا اسٹاف فرائض انجام دے رہا تھا۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7