بنگلور (ڈیسک) بھارت میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے میچز میں بھارتی شائقین شائستگی کی حدیں پار کر گئے۔
اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کے خلاف ہتک آمیز پوسٹرز لہرا دیے جسے میڈیا کے ذریعے ساری دنیا میں دیکھے گئے۔
چناسوامی کرکٹ اسٹیڈیم بنگلور میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ کھیلا گیا، پاکستان نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی، کینگروز نے50اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 367رنز بنا ڈالے۔
جواب میں پاکستانی ٹیم ہدف حاصل نہ کر سکی اور 45.3اوورز میں 305رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، اس طرح سے یہ میچ آسٹریلیا نے اپنے نام کر لیا۔
مگر اس دوران بھارتی تماشائیوں نے اخلاق باختگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کھلاڑیوں کی عزت کو خوب اچھالا، بھارتی تماشائی نے کیمرے کے سامنے پوسٹر لہرایا جس میں بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی پاکستانی کپتان بابراعظم کو اپنی گود میں اٹھائے ہوئے ہیں۔ پوسٹر میں کیپشن لکھا ہے کہ ‘باپ ہمیشہ باپ ہی رہے گا’۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر یہ پوسٹ وائرل ہوئی جسے لاکھوں لوگوں نے دیکھا ۔
اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان کو بھی بھارتی شائقین کے ناروا سلوک کا سامنا کرنا پڑا اور احمد آباد میں 14اکتوبر کو پاک بھارت میچ میں بھارتی شائقین نے مذہبی و نا مناسب نعرے لگائے تا کہ امن و امان کو پامال کیا جا سکے۔