جے پور (ڈیسک) آئی پی ایل کی چیئر لیڈرز کو بھارتی تماشائیوں کی جانب سے ناشائستہ رویوں کا سامنا ہے۔
راجستھان رائلز اور سن رائزرز حیدرآباد میں میچ کے دوران تماشائی نہ صرف چیئر لیڈرز پر آوازیں کستے رہے بلکہ ان کو ہراساں کرنے سے بھی باز نہیں آئے۔
کچھ لوگ انھیں گھور گھور کر دیکھتے رہے، اس موقع پر لڑکیوں نے انھیں نازیبا جملوں اور حرکتوں پر ٹوکنے کی کوشش کی مگر وہ پھر بھی نہیں رکے ۔
لوگوں کی حرکتوں کا پتہ چلنے پر مینجمنٹ کے لوگ وہاں پہنچ گئے جنھوں نے لڑکیوں کو سپورٹ کیا، میچ آفیشلز کافی دیر تک لڑکیوں کے ہمراہ کھڑے رہے تا کہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔
انٹرنیٹ پر وڈیو وائرل ہونے کے بعد بہت سے صارفین نے لوگوں کے اس رویے پر افسوس کا اظہار کیا اور شائقین کے طرز عمل کی مذمت کی۔
یاد رہے کہ بھارت میں ہراساں کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف جرائم کی شرح میں دن بدن اضاف ہوتا جا رہا ہے۔ شرپسندوں کے حملوں اور غلط رویوں سے بھارت میں کوئی بھی محفوظ نہیں، خاص طور پر اقلیتوں کا بھارت میں رہنا دوبھر کر دیا گیا ہے جس کی بازگشت عالمی سطح پر بھی سنائی دے رہی ہے۔
کچھ ہی روز قبل کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کپتان نتیش رانا کی اہلیہ نے بھی پولیس اسٹیشن پر شکایت درج کرانے کی کوشش کی کہ کچھ لڑکوں نے ان کا پیچھا کیا اور انھیں ڈرایا دھمکایا مگر پولیس نے ان کی رپورٹ درج کرنے سے ہی انکار کر دیا۔