You are currently viewing بنگلہ دیش نے 205رنز کا ہدف دیدیا، پاکستانی ٹیم کی جیت کے امکانات

بنگلہ دیش نے 205رنز کا ہدف دیدیا، پاکستانی ٹیم کی جیت کے امکانات

کولکتہ (ڈیسک) ورلڈکپ کے 31ویں میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو جیت کےلیے 205رنز کا ہدف دے دیا۔
بھارتی شہر کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے جارہے اس میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
شاہین آفریدی نے اپنے ابتدائی دو اوورز میں 2 وکٹیں حاصل کر کے میچ کو گرما دیا، بنگلا دیش کی پہلی وکٹ میچ کی پانچویں گیند پر جبکہ دوسری وکٹ 2.4 اوورز میں 6 رنز پر گری۔
بنگلادیشی بیٹر تنزید حسن کو شاہین آفریدی نے صفر پر ایل بی ڈبلیو جبکہ نجم الحسین کو 4 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔
شاہین آفریدی کے بعد حارث رؤف نے بھی اپنے پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کی، بنگلا دیش کی تیسری وکٹ چھٹے اوور میں 23 رنز پر گری جب مشفق الرحیم 5 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
بعدازاں لٹن داس اور محمود اللّٰہ نے پارٹنرشپ قائم کر کے اسکور 102 رنز تک پہنچایا جس کے بعد 20.5 اوورز میں لٹن داس 45 رنز بنا کر افتخار احمد کے اوور میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
بنگلا دیش کی پانچویں وکٹ 30.4 اوورز میں 130 رنز پر گری جب شاہین آفریدی نے محمود اللّٰہ کو 56 رنز پر بولڈ کیا۔
بعدازاں اگلے اوور میں بنگلا دیش کی چھٹی وکٹ 140 رنز پر گر گئی جب توحید ہری دوائے 7 رنز بنا کر اسامہ میر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
بنگلادیش کی ساتویں وکٹ 185 رنز پر گری جب خطرناک دکھائی دے رہے شکیب الحسن حارث رؤف کی گیند پر 40ویں اوور میں کیچ آؤٹ ہوئے۔ بنگلادیشی کپتان نے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔
بنگلادیش کی آٹھویں وکٹ 200 رنز پر گری جب مہدی حسن میراز 25 رنز بنا کر پویلین لوٹے، انہیں محمد وسیم نے بولڈ کیا۔ اسی اوور میں وسیم نے پہلے تسکین احمد اور پھر اگلے اوور میں مستفیض الرحمان نے کو بولڈ کرکے بنگلادیش کی اننگز 204 رنز پر تمام کردی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 23 رنز دے کر 3 جبکہ محمد وسیم نے 31 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ حارث رؤف نے دو جبکہ افتخار احمد اور اسامہ میر نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔