You are currently viewing بنگلا دیش کی عبوری حکومت آج رات تک حلف اٹھائے گی، جنرل وقار

بنگلا دیش کی عبوری حکومت آج رات تک حلف اٹھائے گی، جنرل وقار

ڈھاکا (نیوز ڈیسک) حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے بعد بنگلا دیش میں صورتحال معمول پر آنے لگی، کاروبار زندگی بحال ہونا شروع ہوگیا۔
گارمنٹس فیکٹریوں نے بھی دوبارہ کام شروع کردیا، طلبہ تحریک نے اپنا اہم مطالبہ منوالیا، پروفیسر محمد یونس عبوری حکومت کی سربراہی کریں گے۔
آرمی چیف وقار الزمان نے کہا ہے کہ ملک میں صورتحال بہتر ہورہی ہے، تین چار روز میں حالات معمول پر آجائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ محمد یونس کی واپسی پر عبوری حکومت آج رات تک حلف اٹھالے گی۔
نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس نے عوام سے پرسکون رہنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی تعمیر کے لیے تیار ہو جائیں ۔
دریں اثناء برطرف انٹیلی جنس چیف میجر جنرل ضیا الاحسن کو ملک سے فرار ہوتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق ضیا الاحسن کو طیارے سے گرفتار کر کے ڈھاکا چھاؤنی منتقل کردیا گیا۔
بنگلا دیش کے نئے تعینات ہونے والے پولیس چیف نے ملک میں ہونے والے حالیہ پرتشدد مظاہروں کے دوران افسران کے طرز عمل پر معافی طلب کرتے ہوئے ہلاکتوں کی غیر جانبدار تحقیقات کرانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
بنگلا دیش میں حزب اختلاف کی مرکزی جماعت بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی رہنما اور سابق وزیر اعظم بیگم خالدہ ضیاء نے ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنے حامیوں کو ملک کی موجودہ صورتحال میں صبر سے کام لینے کی تلقین کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ کوئی تباہی نہیں، کوئی انتقام نہیں۔ آئیے محبت، امن اور علم پر مبنی معاشرہ قائم کریں۔
بنگلادیشی آرمی چیف کا ٹیلی ویژن پر قوم سے خطاب میں کہنا تھا کہ پولیس فورس کی بحالی کا کام کر رہے ہیں۔ فضائیہ اور بحریہ سربراہان کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7