کوئٹہ (ڈیسک) سمندری طوفان بیپر جوائے کے اثرات پاکستان کی ساحلی پٹی پر نظر آنا شروع ہو گئے ہیں، بلوچستان کے ساحلی علاقے اورماڑہ میں سمندری لہریں بلند، پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے حکام نے کہا ہے کہ سمندری طو فان آج کسی بھی وقت پاکستان کے ساحل سے ٹکرائے گا اس سے قبل حکومت نے گوادر ،پسنی جیونی میں الرٹ جاری کر دیاہے ساحلی پٹی پر نہ صرف سمندری لہریں بلند ہو سکتی ہے بلکہ تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر سب ڈویژن پسنی ،اورماڑہ محمد جان نے کہا کہ بلوچستان کی سمندری حدود میں گزشتہ روز سے سمندر ی لہریں بلند ہونے سے اورماڑہ میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا اطلاع ملنے پر ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کے اہلکار وں نے متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیاہے ۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الگ جگہ پر ٹینٹ نصب کیے گئے ہیں،جہاں لوگوں کوہنگامی صورتحال میں منتقل کیا جا سکتا ہے۔