لسبیلہ (نیوز ڈیسک) اوتھل کے قریب قومی شاہراہ پر حادثے کے دوران مسافر بس میں آگ بھڑکنے سے 3 مسافر جھلس کر جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہوگئے۔
ایس ایس پی لسبیلہ کے مطابق مسافر بس کراچی سے کوئٹہ جارہی تھی جس میں 28 افراد سوار تھے، تیز رفتار بس اوتھل کے قریب موٹر سائیکل سے ٹکرائی جس کے بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری بس کو لپیٹ میں لے لیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ بھڑکنے سے 3 مسافر جھلس کر جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہوئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور بس میں لگی آگ پر قابو پایا۔
بعدازاں جاں بحق اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال اوتھل منتقل کیا جبکہ شدید زخمیوں کو کراچی پہنچایا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق چند مسافروں نے کوچ کی کھڑکیوں سے کود کر جان بچائی۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق بس جس موٹرسائیکل سے ٹکرائی اس میں پیٹرول کا ڈبہ موجود تھا۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حادثے کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کی ہدایت کی ہے۔