اسلام آباد (ڈیسک)وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ وہ بلاول بھٹو زرداری کو ٹرین پر لے آئے ہیں۔
راولپنڈی میں وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج اہم دن ہے نواز شریف کی سپریم کورٹ میں ضمانت کی تاریخ ہے، عدالت اور قانون جو بھی فیصلہ کریں گے ٹھیک ہوگا۔
پی پی پی کے ٹرین مارچ کے بارے میں شیخ رشید نے کہا کہ بلاول کو ٹرین پر لانا چاہتا تھا لے آیا ہوں، چند سو افراد ٹرین پرلانے سے بلاول کو کچھ نہیں ملے گا۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ شہباز شریف کو این آر او مانگتے دیکھا ہے، یہ سب اللہ کی پکڑ میں ہیں کچھ پتہ نہیں کس کی عید جیل میں گزرے گی۔ ایل این جی کیس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی نیب میں پیشی کے بارے میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی بیرون ممالک انٹر نیشنل کمپنیوں سے جواب لکھوا کرلارہا ہے، ان کے خلاف ایل این جی میں ثبوت نیب کو دے دیئے۔