ممبئی (نیوز ڈیسک) بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کو بشنوئی گینگ کے نام سے قتل کی ایک اور دھمکی مل گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان کو دی گئی دھمکی میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے بچاؤ کے لیے 5 کروڑ روپے تاوان دے یا مندر جاکر معافی مانگیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ شب ممبئی پولیس کے ٹریفک سیکشن کو ایک میسج موصول ہوا جس میں کہا گیا کہ ”لارنس بشنوئی کا بھائی بات کررہا ہوں، اگر سلمان خان زندہ رہنا چاہتے ہیں تو مندر جا کر معافی مانگیں یا 5 کروڑ روپے دیں۔
واٹس ایپ میسج میں مزید کہا گیا کہ اگر سلمان خان نے بات نہ مانی تو انہیں قتل کردیں گے اور ہمارا گینگ اب بھی فعال ہے۔
یاد رہے کہ سلمان خان کو بشنوئی گینگ کی جانب سے پہلے بھی قتل کی دھمکیاں مل چکی ہیں جبکہ گزشتہ ماہ ان کے قریبی دوست اور مسلم سیاستدان بابا صدیقی کو ممبئی میں قتل کردیا گیا تھاجس کی ذمہ داری بشنوئی گینگ نے قبول کی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی بھارتی پولیس نے سلمان خان کو قتل کی دھمکیاں دینے اور 2 کروڑ روپے تاوان مانگنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔