پشاور (نیوز ڈیسک) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی 24 نومبر کے احتجاج کی تیاریوں کے لیے متحرک ہوگئیں۔
وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں پی ٹی آئی ہزارہ، مالاکنڈ اور بلوچستان کے عہدیداروں کے اجلاس ہوئے۔
ذرائع کے مطابق تمام اجلاسوں میں اہلیہ بانی پی ٹی آئی بشریٰ بی بی نے بات چیت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی نےبانی پی ٹی آئی کا پیغام پی ٹی آئی عہدیداروں تک پہنچایا اور کہا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے جہدو جہد تیز کی جائے۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق قبل ازیں بشریٰ بی بی نے 24نومبر کو احتجاج میں پنجاب کے ایم این ایز کو ہر حلقے سے 10ہزار اور ہر ایم پی اے کو 5ہزار افراد ساتھ لانے کی ہدایت کی ہے۔
دریں اثناء ترجمان خیبر پختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے کسی اجلاس میں شرکت نہیں کی، صرف بانی کا پیغام پارٹی قائدین کو بتایا۔
مزید برآں پی ٹی آئی پشاور سٹی کے جنرل سیکریٹری تقدیرعلی اور سینئر نائب صدر ملک اسلم نے پارٹی عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 24 نومبر کو اسلام آباد کی جانب حتمی احتجاج اور مارچ کی کال دے رکھی ہے۔