You are currently viewing برطانیہ؛ انسانی حقوق کی تنظیمیں فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف کل احتجاج کرینگی

برطانیہ؛ انسانی حقوق کی تنظیمیں فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف کل احتجاج کرینگی

برمنگھم (ڈیسک) برطانیہ میں قائم انسانی حقوق کی مختلف تنظیموں نے فلسطینی عوام پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف کل (ہفتہ) احتجاجی مارچ کی کال دی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق لندن میں مظاہرے کی کال فلسطین یکجہتی مہم، سٹاپ دی وار کولیشن، تحریک کشمیربرطانیہ اور انسانی حقوق کی دیگر تنظیموں نے مشترکہ طور پر دی ہے۔
فلسطین کے حامی رہنما سین وین ہلٹن نے ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہفتے کے روز باہر نکلیں اور مظلوم فلسطینیوں کی اخلاقی حمایت کریں۔
انہوں نے کہ آزادی، انصاف اور مساوات کے حامی لوگ غزہ میں ہونے والے واقعات سے انتہائی پریشان و خوفزدہ ہیں۔
سین وین ہلٹن نے انسانی حقوق گروپوں کا ایک مشترکہ بیان پڑھتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج کی مسلسل بمباری کے نتیجے میں غزہ کے محصور علاقے میں تقریبا 35سو فلسطینی جن میں زیادہ تر بچے، خواتین اور بوڑھے ہیں شہید ہو چکے ہیں۔
پانی، بجلی، خوراک اور طبی سامان کی سپلائی منقطع کرنا اور غزہ کے جنوب میں فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی بین الاقوامی انسانی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔
سین وین ہلٹن نے کہا کہ الاہلی بیپٹسٹ اسپتال پر بمباری نے لوگوں کو دہلا کر رکھ دیا ہے۔
منگل کی رات غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں تقریبا 500افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
تحریک کشمیر برطانیہ کے رہنما فہیم کیانی نے کشمیریوں کی طرف سے فلسطینیوں کی واضح حمایت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کی حالت زار کو کشمیریوں سے بہتر کون جانتا ہے کیونکہ وہ خود بھی بھارتی ریاستی دہشت گردی کا دہائیوں سے شکار ہیں۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہاہماری جدوجہد ایک جیسی ہے، کشمیر، فلسطین پر قبضہ جرم ہے۔