اسلام آباد (ڈیسک) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ آئندہ وفاقی بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اور غریب اور متوسط طبقے کی مالی مشکلات میں کمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انھوں نے کہا کہ پنشن ریفارمز کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے، تخلیقی طریقہ کار اپناتے ہوئے پنشن فنڈ قائم کیا جائے، محصولات بڑھانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں اور ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیا جائے جبکہ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد 9 جون 2023کو پیش کیا جائے گا۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت مالی سال 2023-24کے بجٹ کی تیاری کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منگل کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں معاشی ٹیم کی جانب سے وزیراعظم کو بجٹ کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
مزید برآں آمدن اور محصولات کے حوالے سے اس سال کے نظر ثانی شدہ اور اگلے سال کے ٹارگٹیڈ تخمینہ جات پر بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کی شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ عام آدمی کی معاشی مشکلات کو کم کرنے کے لئے حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آئندہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ متوسط اور غریب طبقے کی مالی مشکلات میں کمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔