You are currently viewing بانی پی ٹی آئی نے بنوں واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کا کہہ دیا، علی محمد خان

بانی پی ٹی آئی نے بنوں واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کا کہہ دیا، علی محمد خان

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے بنوں واقعہ پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے جوڈیشل انکوائری کی ہدایت کی ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ امن ہی واحد راستہ ہے جس سے پاکستان آگے جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کچھ لوگ امن کےلیے نکلتے ہیں، امن مانگتے ہیں تو ان پر گولی نہیں چلانی چاہیے۔
بنوں واقعے پر بانی پی ٹی آئی نے صوبائی حکومت کو شفاف انکوائری کی ہدایت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے صوبائی حکومت کو واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور کےلیے ہدایت جاری کی ہیں کہ ہائی کورٹ کے حاضر سروس ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔
علی محمد خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کسی بھی قسم کے آپریشن کے خلاف ہیں، آپریشن تب ہی کرنا چاہیے جب صوبہ اور وہاں کے عوام سمجھیں اس کی ضرورت ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے اسمبلی قرارداد میں کسی بھی نئے آپریشن کی مخالفت کی ہے، خیبر پختونخوا کے عوام آپریشن کےلیے تیار نہیں۔
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ کل جو لوگ امن کےلیے نکلے ہیں وہ صرف تحریک انصاف کے لوگ نہیں تھے، اس میں ہر جماعت کے لوگ تھے، عوام امن کی خواہش کے لیے نکلے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے لوگ بندوق برداری سے تنگ ہیں، عوام روزگار، امن اور علم چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز ضلع بنوں میں امن کےلیے نکالی گئی ریلی کے دوران فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق جبکہ بھگدڑ کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.