کراچی (اسٹاف رپورٹر)آل پاکستان مسلم لیگ کے وفد کے ترجمان عرفان میمن کی قیادت میں متحدہ قومی مومنٹ کے عارضی مرکز بہادر آباد آمداور رہنماوں سے اہم ملاقات ،کل بروز اتوار پرویز مشرف کے حق میں نکالی جانے والی ریلی میں آل پاکستان مسلم لیگ کے کارکنان متحدہ قومی مومنٹ کے شانہ بشانہ ہوں گے ،
تفصیلات کے مطابق آل پاکستان مسلم لیگ کے ترجمان عرفان میمن کی قیادت میں اسلم مینائی،افتخار مرزا،امجد فاروقی اور حارث بن سیف پر مشتمل وفد نے بہادر آباد میں قائم متحدہ قومی مومنٹ کے عارضی مرکز کا دورہ کیا اور متحدہ قومی مومنٹ کے رہنما و ممبر صوبائی اسمبلی محمد حسین اور رابطہ کمیٹی کے رکن متین احمد سے اہم ملاقات کی ،جس کے دوران عرفان میمن و آل پاکستان مسلم لیگ کے دیگر رہنماوں نے پرویز مشرف کی حمایت کرنے پر متحدہ قومی مومنٹ کا شکریہ ادا کیا اور کل بروز اتوار پرویز مشرف کے حق میں متحدہ قومی مومنٹ کی جانب سے لیاقت آباد میں نکالی جانے ریلی میں آل پاکستان مسلم لیگ کے کارکنوں کی بھرپور انداز میں شرکت سمیت اس ضمن میں دیگر تفصیلات سے آگاہ کیا،اس موقع پر عرفان میمن کا کہنا تھا کہ سابق آرمی چیف و صدر پاکستان جنرل ر پرویز مشرف نے کراچی سمیت پورے پاکستان کی تعمیرو ترقی میں نہایت اہم کردار ادا کیا تاہم بین الاقوامی سازش کے تحت قوم کے اس بہادر بیٹے کو زمینی حقائق کے عین برخلاف سزا سنا دی گئی ہے ،ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی سمیت ملک بھر کے عوام اپنے ہر دل عزیز قائد پرویز مشرف کے شانہ بشانہ ہیں اور کل بروز اتوار کراچی میں نکالی جانے والے ریلی اس فیصلے کے پس پردہ عناصر کی آنکھیں کھول دے گی ،عرفان میمن نے کراچی کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ متحدہ قومی مومنٹ کی جانب سے نکالی جانے والی ریلی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔