کراچی (ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی عمر اکمل نے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ مجھ پر ایک وقت ایسا بھی آیا کہ میرے پاس بیٹی کو برگر تک کھلانے کے پیسے نہ تھے، اس دوران اسکول کی فیس بھی جمع نہیں کروا سکتا تھا، 8ماہ تک بیٹی کو اسکول نہیں بھیج سکا، اس مشکل وقت میں میری اہلیہ نے میرا پورا ساتھ دیا اور مجھے مایوس نہیں ہونے دیا۔
انہوں نے بتایا کہ اللہ کا شکر ہے کہ گھر کے حالات بہتر ہو گئے ہیں، اپنی اہلیہ کا جتنا شکریہ ادا کروں اتنا کم ہے، میری اہلیہ عبدالقادر کی بیٹی ہیں جنھوں نے بچپن سے ہی اچھا وقت دیکھا، انہوں نے مجھے کہا کہ جتنے بھی مشکل حالات ہوں وہ میرا ساتھ دیں گی ۔
عمر اکمل ماضی میں خود پر لگنے والی پابندیوں کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے، انھوں نے کہا کہ میں یہاں کسی کا نام نہیں لوں گا، جو گزر گیا سو گزر گیا، انسان پر آزمائش آتی ہے، میرے اوپر مشکل وقت آیا تو بہت سے لوگوں کا اصل چہرہ سامنے آیا، ایک وقت میں جو لوگ میری ایک کال پر فون اٹھاتے تھے انہوں نے میرا ساتھ چھوڑ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں کم بیک کرنے کی کوشش کررہا ہوں، اللہ پر یقین ہے پاکستان کے لیے ایک بار پھر کھیلوں گا۔
یاد رہے کہ 2020میں پی سی بی نے اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی پر عمر اکمل کو معطل کیا تھا، انھیں اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر تین سال کی سزا سنائی گئی تھی جسے کم کر کے 18ماہ کر دیا گیاتھا۔