You are currently viewing ایف بی آئی سکھ امریکی شہریوں کو قتل کی دھمکیوں سے خبردار کرتی رہی، دی انٹرسیپٹ

ایف بی آئی سکھ امریکی شہریوں کو قتل کی دھمکیوں سے خبردار کرتی رہی، دی انٹرسیپٹ

  • Post author:
  • Post category:جرم / دنیا
  • Post last modified:25/09/2023 17:26
  • Reading time:1 mins read

واشنگٹن (ڈیسک) امریکا کیلیفورنیا میں مقیم سکھ نژاد امریکی کارکنوں کو جون میں مبینہ طور پر بھارتی حکومت کے ایجنٹوں کے ہاتھوں سکھ رہنما کے قتل کے تناظر میں خبردار کرتا رہا ہے۔
امریکی آن لائن خبر رساں تنظیم دی انٹرسیپٹ کے مطابق ایف بی آئی ایجنٹس نے رواں موسم گرما میں کیلی فورنیا میں متعدد سکھ کارکنوں سے ملاقات میں انہیں ان کی زندگیوں کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا۔
دی انٹرسیپٹ نے سیاسی کارکن اور امریکن سکھ کاکس کمیٹی کے کوآرڈینیٹر پریت پال سنگھ کے حوالے سے کہا کہ کینیڈا میں مقیم سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجار کے قتل کے بعد انہیں اور سیاسی تنظیم سازی میں شامل 2دیگر سکھ امریکی شہریوں کو کیلی فورنیا میں ایف بی آئی کے ایجنٹس نے ملاقات میں قتل کی دھمکی آمیز کالز کی معلومات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آئی کے اسپیشل ایجنٹس نے جون کے آخر میں مجھ سے ملاقات کی اور آگاہ کیا کہ میری زندگی کو خطرہ ہے تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ دھمکیاں کہاں سے موصول ہوئیں لیکن انہوں نے مجھے محتاط رہنے کی ہدایت کی۔
2دیگر سکھ کارکنوں نے سکیورٹی وجوہات کے باعث نام بتائے بغیر کہا کہ ان سے بھی ایف بی آئی کے اہلکاروں نے ملاقات کی۔
تنظیم دا انٹرسیپٹ نے کہا کہ ایف بی آئی نے اس حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
بھارتی ریاست پنجاب خاص طور پر بھارت میں انسانی حقوق کی صورتحال پر توجہ مرکوز کرنے والے کیلی فورنیا کے فلاحی گروپ انصاف کے معاون ڈائریکٹر سکھمن دھامی نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے امریکا بھر میں مقیم سکھوں کو ممکنہ خطرات بارے خبردار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ پیغامات بھی موصول ہوئے ہیں کہ سکھ خود ارادیت کی سیاست سے وابستہ بعض کمیونٹی رہنمائوں سے حال ہی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے ملاقات کی اور انہیں خبردار کیا کہ وہ نشانہ بن سکتے ہیں۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.