کولمبو (ڈیسک) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان طبل جنگ کل بجے گا۔
کرکٹ کی دو بڑی ٹیمیں دوپہر ڈھائی بجے آر پریماداسا اسٹیڈیم ، کولمبو میں پنجہ آزمائی کریں گی۔
کرکٹ کے شائقین دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے کے مقابلے کے لیے شدت سے منتظر ہیں۔
اس سے قبل پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلے رائونڈ کا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا، انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جب کہ پاکستانی پیسرز نے بھارتی ٹیم کو آل آئوٹ کر دیا تھا، بارش کے باعث دوسری اننگز کا موقع نہ مل سکا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا تھا۔
پاکستانی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں شاہین شاہ آفریدی ، محمد رضوان ، حارث رف ، نسیم شاہ اور امام الحق شامل ہیں۔
سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو شکست دینے کے بعد قومی ٹیم کا مورال بلند ہے۔
بھارتی ٹیم کو جارح مزاج بیٹر روہیت شرما لیڈ کر رہے ہیں اور انہیں ویرات کوہلی، روندرا جدیجا، جسپریت بمرا ، ہارڈیک پانڈیا جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت ہی وہ ٹیم ہے جس کو سب سے زیادہ 7بار ایشیا کپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے ۔
پاکستان دو بار ایشیا کپ کا تاج اپنے سر سجا چکا ہے، پاکستانی ٹیم اپنا تیسرا اور آخری میچ 14ستمبر کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی، ٹورنامنٹ کا فائنل 17ستمبر کو کھیلا جائے گا ۔