تل ابیب (نیوز ڈیسک) اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے یورپی ممالک سے کہا ہے کہ ایران کا مقابلہ کرنے کے لیے متحدہ ہو کر اُٹھ کھڑے ہونے کا وقت آگیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی صدر نے جرمنی کے ”ایکسل اسپرنگر“ نیٹ ورک کو انٹرویو میں کہا کہ یورپی ممالک کے رہنما ایران کی طرف سے لاحق خطرات کو سمجھ نہیں پا رہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ایران اپنے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام پر تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور یوکرین جنگ میں روس کو ہزاروں ڈرونز فراہم کر رہا ہے۔
اسحاق پرزوگ نے یورپی ممالک سے کہا کہ ایران کا مقابلہ کرنے کے لیے بیدار ہوجائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نیٹو ممالک اس برائی کی جڑ کا ابھی مقابلہ نہیں کریں گے تو یورپ کا مستقبل خطرے میں ہے۔
اسرائیلی صدر نے امریکی سینیٹر چک شومر کے نئے انتخابات کرانے کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سیاسی رہنما اسرائیل کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کریں یہ اسرائیلی عوام اور سیاسی ادارے پر چھوڑ دیں۔