You are currently viewing آئندہ مالی سال کا بجٹ منظور کرانے کے لیے آج سے قومی اسمبلی میں بحث ہوگی

آئندہ مالی سال کا بجٹ منظور کرانے کے لیے آج سے قومی اسمبلی میں بحث ہوگی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکمران اتحاد نے آئندہ مالی سال کا بجٹ قومی اسمبلی سے منظور کرانے کے لیے حکمت عملی تیار کرلی۔
اتحادی حکومت کو یقین ہے کہ بجٹ پر آج قومی اسمبلی میں شروع ہونے والی بحث 10 روز پر مشتمل مختلف مراحل طے کرنے کے بعد 30 جون تک منظور کرلیا جائے گا۔
قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان آج شام قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث کا آغاز کریں گے جو 5دن طویل دورانیے کے اجلاسوں میں جاری رہے گی۔
حکمران اتحاد نے طے کرلیا ہے کہ وہ قائد حزب اختلاف اور اس کے دیگر سرکردہ ارکان کی تقاریر میں کوئی رخنہ اندازی نہیں ڈالیں گے تاہم انہیں اندیشہ ہے کہ حزب اختلاف کے ارکان حکومتی تقاریر میں ہنگامہ آرائی کریں گے۔
اس دوران وزیراعظم شہباز شریف سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات اجلاس شروع ہونے سے پہلے کسی وقت بھی ہوگی جس میں پیپلز پارٹی کے تحفظات کا جائزہ لیا جائے گا، اس ملاقات میں وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، خزانہ و اقتصادی امور کے وفاقی وزیر سینیٹر محمد اورنگزیب اور سابق وفاقی وزیر سید نوید قمر اور شازیہ مری بھی موجود ہوں گے۔
پاکستان مسلم لیگ کے صدر میاں نواز شریف بھی اسلام آباد پہنچ رہے ہیں وہ اجلاس کے دنوں میں یہیں موجود رہیں گے۔ انہوں نے فی الوقت طے نہیں کیا کہ وہ اجلاس میں شریک ہوں گے، ان کا قیام مری میں ہوگا تاہم پنجاب ہاؤس میں ان کی ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات کی اوقات طے کی جا رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے سرکاری اور نجی ملازمین کے مشاہرے پر بجٹ تجاویز میں جس ٹیکس کے نفاذ کا اعلان کیا تھا اس پر نظرثانی کی جا رہی ہے، اس میں بھاری تخفیف کرکے اسے قابل قبول بنایا جائے گا یا اسے سرے سے ختم کردیا جائے گا۔
علاوہ ازیں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں جس اضافے کا اعلان کیا گیا تھا اس کا نجی اداروں کے ملازمین پر بھی اطلاق کیا جائے گا۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.