لاہور (ڈیسک) انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آج روایتی حریف پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے ۔
آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ میں منگل کو پاکستان اور بھارت پہلے سیمی فائنل میں مدمقابل آرہے ہیں، یہ مرحلہ عبور کرنیو الی ٹیم9 فروری کو شیڈول فائنل میں رسائی حاصل کر پائے گی، اس سے قبل دونوں ٹیمیں متعدد بارآئی سی سی انڈر19ورلڈکپ جیت چکی ہیں۔
پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے یہ کارنامہ 2 مرتبہ (2004 اور 2006 میں) انجام دے رکھا ہے جبکہ دفاعی چیمپئن بھارت اس سے قبل 4 مرتبہ ٹائٹل قبضے میں کرچکا ہے، دونوں ٹیمیں اس سے قبل 2006 ایڈیشن کے فائنل میں نبردآزما ہوچکی ہیں، اس تاریخی میچ میں پاکستان نے 109 رنزپرمشتمل کم ہدف کا دفاع کرتے ہوئے حریف ٹیم کو 71 رنز پر ڈھیر کرکے شکست سے دوچارکیا تھا، اس وقت پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد تھے، انور علی اور عماد وسیم بھی چیمپئن سائیڈ کا حصہ رہے تھے۔