You are currently viewing امن، استحکام، پالیسیوں کے تسلسل سے ملک ترقی کرتے ہیں، احسن اقبال

امن، استحکام، پالیسیوں کے تسلسل سے ملک ترقی کرتے ہیں، احسن اقبال

لاہور (ڈیسک) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ امن و استحکام کا قیام اور پالیسیوں کا تسلسل ملکی ترقی کے لیے نہایت ضروری ہے ، پانچ سال کی میوزیکل چیئر سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوتے، دس سالہ پلاننگ پر کام کرنا ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے پی کے ایل آئی میں ہیپا ٹائٹس سی خاتمے کی آگاہی مہم کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ کیا وجہ ہے کہ خطے کے تمام ملکوں سے پاکستان مسلسل پیچھے جارہا ہے، بھارت یا بنگلہ دیش میں کون سی انوکھی پلاننگ ہوئی ہے،جمہوریت کے تسلسل سے ہی ملکی ترقی ممکن ہے، اگر تین چیزیں امن ، استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کو کسی ملک میں پیدا کر دیں تو ملک ترقی کر لے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر 50سال کی تاریخ دیکھیں تو جاپان، کوریا، ملائشیا، تھائی لینڈ، چین اور ترکی کی ترقی میں امن استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل ہے، سیاسی میدان میں ٹی ٹوئنٹی کے میچ سے جان چھڑوانا ہوگی،جب تک اتحادی اکٹھے نہیں ہوتے تو کوئی بھی منصوبہ کامیاب نہیں ہو سکتا، حکومت تنہا کچھ نہیں کر سکتی،جب تک کسی مقصد کیلئے اتفاق رائے نہ ہو کسی منصوبے میں کامیابی نہیں مل سکتی۔
احسن اقبال نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہبازشریف کی قیادت میں حکومت نے چودہ ماہ میں پل صراط پر چل کر معیشت کو ٹھیک کرنے کی کوشش کی، ہم نے مختصر عرصہ میں کوشش کی پاکستان کی سمت کو تبدیل کیا جائے ،لوگ دو یا چار ہفتے میں پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کی شرطیں لگا رہے تھے،اب دنیا کے ملکی معیشت کے ڈیفالٹ پر نظریات تبدیل ہو گئے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ پانچ سال کی میوزیکل چیئر سے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن نہیں کر سکتے اس کیلئے دس سالہ پلاننگ پر مسلسل کام کرنا ہوگا،پاکستان میں آبادی کی شرح 2.3فیصد سے بڑھ کر 2.8فیصد ہوگئی ہے، شوگر اور ہیپاٹائٹس اس وقت بڑی بیماریاں ہیں ان کے لئے فنڈز رکھے گئے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ خون کی منتقلی کی سکریننگ ، ڈینٹل کلینک، سرنج کے غلط استعمال اور بچوں کی بروقت ویکسی نیشن نہ ہونے سے ہیپاٹائٹس پھیلتا ہے جو افسوسناک ہے، ہیپاٹائٹس کے خاتمے کیلئے بھی اگر صوبائی اور وفاقی حکومتیں34ارب روپے کا حصہ ڈالیں تو سو ارب روپے سے ہیپا ٹائٹس مہم سے تین سال میں اسے ہمیشہ کیلئے ختم کر سکتے ہیں۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.