نیو جرسی (نیوز ڈیسک) امریکا میں مسجد کے باہر پیش امام کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ امریکی ریاست نیو جرسی میں پیش آیا جہاں محمد مسجد سے باہر نکلنے والے پیش امام حسن شریف کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
ریاست کے اٹارنی جنرل کے مطابق امام حسن شریف کو متعدد گولیاں لگیں جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں چل بسے۔
اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ فائرنگ کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جارہی ہیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں۔
اٹارنی جنرل کے مطابق امام کے قتل کا مقصد معلوم نہیں ہوسکا تاہم ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ کسی تعصب یا دہشت گردی کا واقعہ نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ اسرائیل اور فلسطین جنگ کی وجہ سے امریکا میں کمیونیٹیز کے درمیان تعصب، اسلامو فوبیا اور یہود مخالف واقعات رونما ہوئے ہیں جبکہ اس ریاست میں 3 لاکھ سے زائد مسلمان آباد ہیں۔