واشنگٹن(ڈیسک) جوبائیڈن انتظامیہ نے امید ظاہر کی ہے کہ اپریل تک زیادہ تر سکولوں میں کلاس رومز کے اندر پڑھائی شروع ہو جائے گی۔
وائٹ ہاوس کی ترجمان جین ساکی نے نشریاتی ادارے اے بی سی کے پروگرام دِس ویک میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکولوں میں تدریسی عمل کی بحالی ہمارا ہدف، ہمارا مقصد اور ہمارا منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سکول کھولنے کے منصوبے کا انحصار کانگریس کی جانب سے صدر جو بائیڈن کے 19 کھرب ڈالر کے کورونا وائرس ریلیف بل کی منظوری پر ہے جس میں 130 ارب ڈالر سکولوں کے لیے رکھے گئے ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں بہت سے سکولوں کے پاس وسائل نہیں کہ وہ سہولیات کی بہتری پر صرف کر سکیں۔ ان کے بقول کلاسز میں طلبہ کی تعداد کو ایک وقت میں کم رکھنے کے لیے کئی سکول عارضی طور پر مزید اساتذہ اور مزید بس ڈرائیور بھرتی نہیں کر سکتے۔واضح رہے کہ امریکہ کا ایوان نمائندگان رواں ہفتے جوبائیڈن کے کورونا ریلیف پیکیج پر رائے شماری کا ارادہ رکھتا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ مارچ کے وسط تک اس پیکیج کے لیے کانگریس کی منظوری مل جائے گی۔