You are currently viewing امریکا کو پاکستان کی ضرورت ہے، وزیر خارجہ

امریکا کو پاکستان کی ضرورت ہے، وزیر خارجہ

اسلام آباد (ڈیسک)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ امریکا کو پاکستان کی ضرورت ہے تاہم امریکی صدر کی وزیراعظم سے ملاقات ہوگی تو دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط ہوں گے۔

میرپور خاص میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس ملک کو کس نے لوٹا اور تباہ کیا یہ سب جانتے ہیں، پچھلے 10 برسوں میں اس ملک کو تباہ کیا گیا، لوگوں نے ہمارے آنے کے بعد بھونچال کھڑا کردیا تھا کہ معیشت کا بھٹہ بیٹھ گیا، یہ لوگ جانتے تھے کہ معیشت کا بھٹہ کون بٹھا کر گیا اور کس حالت میں ہمیں معیشت ملی تھی، پچھلے 10 برسوں میں معاشی فیصلے کس نے کیے تھے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کے پی کے کی طرح سندھ اور پنجاب کی پولیس کو بھی بہتر کریں گے، سیاسی بنیادوں پر پولیس میں کالی بھیڑوں کو لایا گیا جن کے خلاف کارروائی ہورہی ہے، پولیس کا کام لوگوں کی جان لینا نہیں بلکہ عوام کی جانوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کو پاکستان کی ضرورت ہے، امریکی صدر کی عمران خان سے ملاقات ہوگی تو دونوں ممالک کے اسٹریٹجک تعلقات مضبوط ہوں گے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور غریب کو رہنے کے لیے چھت ملے گی، بہترین معاشی پالیسی کے باعث بہت سے انویسٹر پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کررہے ہیں، ہماری تجارت اور ایکسپورٹ بڑھنی شروع ہورہی ہے، ملکی معیشت درست سمت کی طرف مڑچکی ہے، انشاء اللہ بہتری کے امکانات موجود ہیں۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.