نیویارک(ڈیسک)امریکی ماہرین کے ایک گروپ نے2030 کے بعد انسانی دماغ کو چِپ سے کنٹرول کئے جانے کا انکشاف کیا ہے۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکا کی کولمبیا یونیورسٹی کے پروفیسر برائے نیوروسائنس نے میڈیا کو بتایا کہ چپ کے ذریعے انسانی دماغ کو کنٹرول کرنے کا خیال اب کوئی سائنسی افسانہ نہیں رہا کیونکہ اسے جلد حقیقت میں تبدیل کردیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیسلا سمیت دنیا کی بڑی ٹیک کمپنیاں انسانی دماغ کو چپ کے ذریعے کنٹرول کرنے میں مصروف ہیں، سمارٹ فونز کی جگہ دماغوں کو انٹرنیٹ سے جوڑ دیا جائے گا، جس کے بعد انسان سمارٹ فون کے بجائے دماغ سے ہی انٹرنیٹ استعمال کرے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دنیا کی نامور ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا ان دنوں بندروں کے دماغ کو ٹیکنالوجی سے جوڑنے کے تجربات کرنے میں مصروف عمل ہے، اسی طرح فیس بک نے بھی انسانی دماغوں کو کمپیوٹر کے ساتھ منسلک کرنے کا کام شروع کردیا ہے۔ دنیا کی بڑی کمپنیاں 2030 تک ایک ایسی ٹیکنالوجی پر کام کررہی ہیں جس کی مدد سے انسانی خیالات، نظریات پر اثرانداز ہوسکیں گی۔ واضح رہے کہ کئی ممالک کے ماہرین نے اقوام متحدہ سے اس ٹیکنالوجی کی تیاری اور استعمال پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔