اسلام آباد (نیوز ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا حکم دیدیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کو ارسال کردہ مراسلے میں کہا گیا کہ چیف سیکریٹری کے پی کے ندیم اسلم چوہدری غیر جانبداری سے امور سرانجام نہیں دے رہے۔
مراسلے میں کہا گیا کہ چیف سیکریٹری شفاف اور منصفانہ عام انتخابات کے لیے درکار معاونت فراہم نہیں کر رہے۔
الیکشن کمیشن نے چیف سیکریٹری کے عہدے پر غیر جانب دار اور مستعد افسر تعینات کرنے کا حکم دیا۔
قبل ازیں الیکشن کمیشن کی ہدایت پر نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے پوری نگراں کابینہ سے استعفیٰ لے لیا تھا۔