You are currently viewing الیکشن تاخیر از خود نوٹس: سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن دو حصوں میں بٹ گئی

الیکشن تاخیر از خود نوٹس: سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن دو حصوں میں بٹ گئی

اسلام آباد (ڈیسک) پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات میں تاخیر پر سپریم کورٹ کے از خود نوٹس کیس کے معاملے پر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن بھی اختلافات کا شکار ہو کر دو حصوں میں تقسیم ہو گئی۔
بار ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو باڈی نے احسن بھون کو کیس کے لیے اپنا وکیل نامزد کیا جب کہ دوسری جانب بار کے صدر عابد زبیری نے بار کے سیکریٹری مقتدر اختر شبیر کو وکیل نامزد کر دیا ہے۔
سپریم کورٹ بار کے اس عمل سے تنظیم میں پائی جانے والی تقسیم واضح طور پر سامنے آگئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ایگزیکٹو باڈی کی ایک قرار داد کے ذریعے احسن بھون کی نامزدگی عمل میں لائی گئی ، 17رکنی ایگزیکٹو باڈی کے 9ارکان نے احسن بھون کے حق میں قرارداد پاس کی جب کہ مخالفت میں 8ووٹ آئے۔ 17ممبران میں سے 9عاصمہ جہانگیر گروپ میں سے ہیں جب کہ 8حامد خان گروپ سے ہیں۔
سپریم کورٹ نے پنجاب اور کے پی اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد انتخابات میں تاخیر پر از خود نوٹس لیا ہے اور سپریم کورٹ بار کو بھی نوٹس جاری کیا تھا۔