ژوب (ڈیسک) خودکش حملے کے باوجود سراج الحق نے جلسہ میں شرکت کی اور خطاب میں کہا کہ مجھے موت سے ڈر نہیں، موت اور زندگی اللہ کے ہاتھ میں ہے، اللہ جس کو محفوظ رکھتا ہے اسے کوئی نہیں مار سکتا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی ایسا پاکستان چاہتی ہے جس میں ہر بچہ تعلیم حاصل کرے، میں وہ پاکستان چاہتاہوں جس میں امن ہو،خوشی ہو، آج ملک میں کرپشن، مہنگائی، بیروزگاری اور بدامنی عام ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھاکہ ہمارے حکمرانوں کی وجہ سے ملک سیاسی، معاشی اور آئینی بحران کا شکار ہے، مفاد پرست ٹولے نے ملک کو یرغمال بنایا ہوا ہے، عوام صحیح نمائندوں کا انتخاب کریں تو ملک ترقی یافتہ اور خوشحال بن سکتا ہے۔
واضح رہے کہ ژوب میں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کے قافلے کے قریب خودکش حملہ میں 7 کارکنان زخمی ہوئے تھے جن میں 4 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
امیر جماعت اسلامی معجزانہ طور پر حملے میں محفوظ رہے۔