واشنگٹن (ڈیسک)اقوام متحدہ اور امریکا نے میانمار فوج کی جانب سے ساگنگ شہر کے گاﺅں ڈونٹاﺅ میں 11افراد کے قتل کی رپورٹس کی مذمت کی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور امریکی وزارت خارجہ نے یہ بیان میانمار کے مقامی میڈیا اور رہائشیوں کی ان اطلاعات کے بعد دیا جس میں کہا گیا کہ میانمار فوج نے گاﺅں ڈونٹاﺅ میں فوجی دستے پر حملوں کے بعد 11 افراد کو پکڑ لیا۔ اقوام متحدہ کے سکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے قتل کی رپورٹس پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے خوفناک قرار دیا جن کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ فوج نے انہیں پہلے فائرنگ کر کے قتل کرنے کے بعد جلا دیا۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے میانمار کے لیے اس کا پرانا نام برما کا لفظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ فوج کی جانب سے بچوں سمیت 11افراد کو پکڑنے کے بعد زندہ جلانے کی اطلاعات افسوس ناک (credible and sickening ) ہیں۔ دوسری جانب میانمار کے سرکاری اخبار گلوبل نیو لائٹ آف میانمار نے جمعہ کو ان رپورٹس کو جھوٹا قرار دیا اور کہا کہ یہ جھوٹی خبریں ہیں اور یہ مقامی اور بین الاقوامی رابطوں کی سازش کا ثبوت ہے۔