اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضٰی سولنگی نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ریاست کی جڑوں میں شامل ہے، پاکستان میں تمام شہریوں کو برابر حقوق حاصل ہیں۔
جمعرات کو انٹرنیشنل پیس فیسٹیول 2023ءسے خطاب کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی 11 اگست کی تقریر میں اقلیتوں کے حقوق کی بھرپور طریقے سے وضاحت کر دی تھی کہ تمام پاکستانی برابر ہیں اور مساوات کا فروغ انتہاءپسندی کے خلاف سب سے بڑا ہتھیار ہے۔
انھوں نے کہا کہ نیکٹا نے اپنے آغاز سے لے کر اب تک ملک کے اندر انتہاءپسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اہم اقدامات اٹھائے اور امن دشمن عوامل پر غور کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ امن دشمن محرکات میں اہم عنصر انتہاءپسندی ہے، پرتشدد انتہاءپسندی دہشت گردی کو جنم دیتی ہے۔
نگراں وزیر نے کہا کہ ریاست سے وفاداری کا تقاضا ہے کہ کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہ رکھا جائے، ریاست کے تمام شہریوں کو برابر حقوق حاصل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں تعصبات کو ختم کرنا ہوگا، اسی جذبے سے پاکستان کی طاقت کھل کر سامنے آئے گی اور کوئی اس ملک کو کمزور نہیں کرسکے گا۔