You are currently viewing افغان امن مذاکرات کے تیسرے اجلاس کا اسلام آباد میں انعقاد
AZ 04

افغان امن مذاکرات کے تیسرے اجلاس کا اسلام آباد میں انعقاد

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) افغانستان میں امن کے قیام اور اعتماد سازی کے لیے افغانستان، پاکستان، امریکہ اور چین کے چار ملکی رابطہ گروپ کا تیسرا اجلاس پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ہورہا ہے۔ اجلاس میں پاکستان، افغانستان، چین اور امریکہ کے اعلیٰ حکام بھی شامل ہوں گے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز افتتاحی اجلاس سے خطاب طے ہے جبکہ سیکریٹری خارجہ پاکستان اعزاز چوہدری اور افغان نائب وزیر خارجہ حکمت کرزئی اپنے ملکوں کی نمائندگی کریں گے۔

اجلاس میں افغان امن عمل کے حوالے سے افغان حکومت اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کی بحالی کیلئے حکمت عملی، پاکستان کے کردار اور پاک افغان اعتماد سازی کے اقدامات کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔

اس سے قبل اس گروپ کا پہلا اجلاس اسلام آباد ہی میں ہوا تھا جبکہ دوسرا اجلاس افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہوا تھا۔ گیارہ جنوری کو اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا تھا کہ افغانستان میں مصالحتی عمل غیر مشروط ہونا چاہیے کیونکہ ایسا کرنا مددگار ثابت نہیں ہوگا اور اعتماد کی بحالی کے لیے اقدامات ضروری ہیں۔

کابل میں ہونے والے اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے میں طالبان سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ ملک میں دائمی امن کے لیے افغان حکومت کے ساتھ اپنے اختلافات سیاسی طریقے سے اور افغان عوام کی خواہشات کے مطابق حل کریں تاکہ افغان عوام کے خلاف سفاکانہ تشدد ختم کیا جاسکے۔ مذاکرات میں امن کے روڈ میپ پر بھی پیشرفت ہوئی تھی۔ اعلامیے کے مطابق روڈ میپ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ایسی فضاء پیدا کی جائے جس سے افغانستان کی سربراہی میں اور افغانوں کی ملکیت میں افغان حکومت اور طالبان گروہوں کے درمیان امن مذاکرات شروع کرائے جاسکیں جن کا مقصد افغانستان اور خطے میں تشدد کا خاتمہ اور دائمی امن پیدا کرنا ہو۔