اسلام آباد (نیوز ڈیسک) دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ افغانستان پاکستانی عوام کی برداشت کو زیادہ مت آزمائیں، دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کریں۔
ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بیرون ملک کسی پاکستانی سےبدسلوکی ناقابل قبول ہے، چین سے تعلقات خراب نہیں کرنے دیں گے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان میں چینی باشندوں کے حوالے سے میڈیا افواہوں کا جواب نہیں دے سکتے، چینی باشندوں، کمپنیوں اور منصوبوں کے تحفظ سے متعلق چینی باشندوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، پاکستان اورچین کے درمیان متعدد موضوعات بشمول انسداد دہشت گردی پر مضبوط رابطے ہیں، پاک چین باہمی اعتماد کو نقصان پہنچانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔
نئی امریکی انتظامیہ سے اچھے تعلقات کے خواہشمند ہیں، تقرریاں امریکی صدرکا اختیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری سیاسی قیدیوں کی قید پر سنجیدہ تحفظات کا اظہار کرتا ہے، ان میں سے بہت سے سیاسی قیدیوں کو گنجائش سے زیادہ بھری جیلوں میں رکھا گیا ہے۔
کشمیری قیدی جیلوں میں غیر انسانی حالات برداشت کررہے ہیں، انہیں فوری رہا کیا جائے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت کھیلوں کو سیاست کی نذر نہ کرے۔