اسلام آباد(ڈیسک )کابل کے لیے پہلی کمرشل پی آئی اے کی پرواز پی کے 6249 اسلام آباد سے کابل پہنچی۔
پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر ائیر کموڈور جواد ظفر پی آئی اے کے سی ای او کے نمائندے کی حیثیت سے جہاز میں موجود تھے۔ پی آئی اے کا عملہ بین الاقوامی صحافیوں کو کابل لے کر گیا اور عالمی بنک اور بین الاقوامی خبر رساں اداروں کی ٹیم کو واپس لے کر بھی آیا۔تربیت یافتہ ائیرپورٹ عملے نے ڈیوٹی جوائن کرکے پرواز ہینڈل کی اور کابل ائیرپورٹ پر پی آئی اے کا نام اور پرواز نمبر آویزاں کیا گیا۔سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ پی آئی اے اور پوری دنیا کیلئے یہ آپریشن بہت اہم ہے، سب ہماری طرف دیکھ رہے ہیں کہ رابطے بحال کئے جائیں، امید ہے جلد ہم مکمل طور پر آپریشن بحال کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔واضح رہے افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان اور دیگر سفارتی عملے کی اس سلسلے میں کاوشیں قابل ذکر ہیں۔