کابل (ڈیسک) افغانستان میں طالبان نے بیوٹی پارلرز پر پابندی لگا دی۔
طالبان حکومت کی وزارت کے ایک ترجمان محمد صدیق عاکف مہاجر نے پابندی سے متعلق سوشل میڈیا پر زیر گردش حکمنامے کی تصدیق کی تاہم پابندی کی تفصیلات نہیں بتائیں۔
24 جون کو جاری مراسلے کے مطابق مذکورہ احکامات سپریم لیڈر ہیبت اللّٰہ اخونزادہ نے جاری کیے ہیں۔
مراسلے میں کابل اور تمام صوبوں میں موجود بیوٹی پارلرز کو اپنا کام سمیٹنے کے لیے ایک ماہ کا وقت دیا گیا ہے۔
ایک مہینے میں بیوٹی پارلرز بند ہوں گے اور حکومت کو اس کی رپورٹ بھیجی جائے گی۔
مراسلے میں بھی پابندی کی وجوہات نہیں بتائی گئی ہیں۔
حکومتی ترجمان عاکف مہاجر نے کہا جب ایک بار پارلرز بند ہوجائیں گے اسکے بعد ہم میڈیا کو وجہ بھی بتا دیں گے۔