You are currently viewing اسموگ خاتمے کے لیے اقدامات، یو اے ای کے تعاون سے لاہور میں مصنوعی بارش

اسموگ خاتمے کے لیے اقدامات، یو اے ای کے تعاون سے لاہور میں مصنوعی بارش

لاہور (نیوز ڈیسک) ملکی تاریخ میں پہلی بار متحدہ عرب امارات کے تعاون سے لاہور کے مختلف علاقوں میں مصنوعی بارش برسا دی گئی۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ لاہور کے 10 سے 15 کلو میٹر کے قطر میں یہ پلان کیا گیا اور 10 علاقوں میں ہلکی پھلکی بارش ہوئی۔
انھوں نے کہا کہ کلاوڈ سیڈنگ کا پہلا مشن کچھ دیر پہلے کیا گیا، شاہدرہ اور مریدکے کی طرف بادل برسائے گئے، مصنوعی بارش کے دوران 48 فلیئرز فائر کیے گئے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مصنوعی بارش میں یو اے ای نے سپورٹ کیا، ہم نے کوئی خاص خرچہ نہیں کیا، اس میں صرف پانی کا خرچ ہوا، اسموگ خاتمےکے لیے خرچہ بھی کرنا پڑتا تو دریغ نہ کرتا ۔
انھوں نے کہا کہ مصنوعی بارش کا صحت پر کوئی نقصان نہیں ہے، اگر نقصان ہوتا تو دبئی اور امریکا جیسے ممالک یہ نہیں کرتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مصنوعی بارش کا تجربہ ہمارے لیے ضروری تھا، اس کے نتائج رات تک سامنے آئیں گے، یہ تجربہ نیا ہے، ایک مرتبہ پتا چل جائے تو اس کے بعد اگلا فیصلہ کریں گے۔
نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہر میں اسموگ ٹاورز بھی جلد انسٹال ہوجائیں گے۔
نگراں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ مصنوعی بارش کے لیے یو اے ای حکومت کے دو جہازوں نے کام کیا اور ہم نے خاموشی سے بارش کی، نہیں چاہتے تھے کوئی بدمزگی ہو۔
محسن نقوی نے کہا کہ مصنوعی بارش کے لیے دوسری فلائٹ کچھ دیر بعد ہوگی، وفاقی حکومت مصنوعی بارش کے منصوبے پر کام کررہی ہے، وزیراعظم نے اہم کردار ادا کیا اور مصنوعی بارش پر مبارکباد دی۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7