لاہور (ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے اور ہوابازی سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان اسمبلی میں واپس آکر اختلاف کریں، اسمبلیاں توڑنا کوئی بچوں کا کھیل ہے کیا؟
لاہور میں تقریب سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان حکومت سے باہر ہیں تو حوصلے سے کام لیں، چیخیں کیوں مار رہے ہیں؟ ۔ ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ملک کی سیاست میں گالم گلوچ کا کلچر آگیا ہے اور یہ کلچر لانے والوں کو معلوم تھا کہ یہ گالم گلوچ والے لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو سمجھتے ہیں گالیاں دے کر اپنا راستہ بنالیں گے انہیں پتا ہو راستہ نہیں بنے گا۔ سعد رفیق نے کہا کہ ہم پی ٹی آئی کی حکومت کو مانتے نہیں تھے لیکن ہم نے کوئی سازش نہیں کی، اختلاف کیا۔ عمران خان اسمبلی میں واپس آئیں اور وہاں آکر اختلاف کریں، الیکشن کروانے کا معاملہ دھمکیوں اور گالیوں سے حل نہیں ہوگا، سب کو مل کر بیٹھنا ہوگا، بات کرنا ہوگی۔ اسمبلیاں کوئی ریسلنگ نہیں، کوئی میچ نہیں۔ پنجاب کو چلا کر دکھائیں، جہاں حکومت ہے وہاں ڈیلور کریں، سعد رفیق نے کہا کہ اسمبلیاں توڑنا کوئی بچوں کا کھیل ہے؟ اسمبلی نہیں ٹوٹے گی، پی ٹی آئی والوں سے کہتا ہوں آپ کس کو ووٹ دیتے ہو، یہ آپ سے ووٹ لیکر اسمبلیاں توڑنے کی بات کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ سیاسی اختلاف کریں مگر نواز شریف کی شائستگی کے قائل ہو جائیں، ن لیگی قائد نے کبھی کسی کا نام نہیں بگاڑا۔ سعد رفیق نے کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ حملہ آور پکڑا گیا ورنہ انہوں نے ہم پر مدعا ڈال دیا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان صاحب کے پیٹ میں درد ہوتا ہے تو اسمبلیاں توڑنے کی بات کرتے ہیں۔