تہران (نیوز ڈیسک) ایران کے نگراں وزیر خارجہ علی باقری نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ٹیلیفون پر رابطے میں واضح کردیا ہے کہ اسرائیل سے انتقام لینے کے حق سے ایران کسی صورت دستبردار نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کو شہید کرکے ایران کی قومی سلامتی پر حملہ کیا گیا اورعلاقائی استحکام کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل نے علاقائی اور عالمی امن و استحکام کو خطرے سے دوچار کیا ہے۔
علی باقری کا کہنا تھا کہ اس صورت میں ایران حق دفاع سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گا، مجرم صیہونیوں کو مناسب سزا دی جائے گی۔
ایرانی وزیر خارجہ نے زور دیا کہ امن و استحکام کے لیے عالمی برادری اسرائیل کیخلاف کھڑی ہو اورغزہ میں جرائم روکنے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالے۔