اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نگراں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمر سیف نے ملک کے پہلے ای روزگار مرکز کا افتتاح کردیا۔
اس موقع پر نگراں وزیر آئی ٹی نے کہا کہ ای روزگار مرکز کے لیے 10 ہزار مربع فٹ جگہ مختص کی گئی ہے جہاں تمام سہولیات سے آراستہ 100 ورک اسٹیشنز موجود ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ، ٹریننگ سینٹر، انفرادی کیبنز اور اسٹارٹ اپس کے لیے آفس رومز ہیں۔ ای روزگار مرکز سے ملک بھر میں 10 ہزار ای روزگار مراکز کے قیام کا آغاز ہوگیا ہے۔
ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ منصوبےکی تکمیل سے سالانہ 10 ارب ڈالرز آئی ٹی ایکسپورٹ میں اضافہ ہوسکے گا۔ مراکز فری لانسرز کی صلاحیت اور آمدنی میں نمایاں اضافہ کرسکیں گے۔
انھوں نے کہا کہ ای روزگار مراکز کے لیے وزیراعظم اسکیم کے تحت بلاسود قرضے دیےجائیں گے۔ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ ان مراکز کے لیے فری لانسرز کی فراہمی کا ذمہ دار ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ دیگر شہروں میں بھی ای روزگار مراکز تکمیل کے قریب ہیں، آنے والی حکومت کے لیے سازگار ماحول اور ڈیجیٹل پاکستان کا روڈ میپ بنا دیا ہے۔
ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے لیے ایس آئی ایف سی کے تعاون سے مطلوبہ اقدامات کیے۔