اسلام آباد (ڈیسک) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتے ہوئے 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کے کیس کی سماعت کی۔ وزیر خزانہ اپنے وکیل کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے۔ اسحاق ڈارکے وکیل نے وارنٹ مستقل طور پر منسوخ اور اسحاق ڈار کی جائیداد ضبطگی کا آرڈر بھی ختم کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب عدالت کے سامنے موجود ہیں۔اسحاق ڈار کے وکیل کے مؤقف پر جج نے استفسار کیا کہ کیا نیب نے خود بھی اسحاق ڈار کے کوئی وارنٹ جاری کیے تھے؟ اس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ نیب نے وارنٹ جاری کیے تھے لیکن وہ معطل ہوگئے تھے۔بعد ازاں عدالت نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتے ہوئے انہیں 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔