اسلام آباد (ڈیسک) جڑواں شہروں میں موسلا دھار بارش کے دوران حادثات میں 13 افراد جاں بحق ہوگئے ۔
پولیس کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں موسلا دھار بارش کے دوران پشاور روڈ پر گولڑہ موڑ کے قریب دیوار گرگئی جس کے نتیجے میں 12 افراد دیوار کے نیچے دب کر جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے عملے نے جائے حادثہ پر پہنچ کر ملبے تلے دبی 12 لاشوں کو مشینوں کے ذریعے نکالا۔
جاں بحق ہونے والوں کی عمریں 19 سال سے 39 سال کے درمیان بتائی جاتی ہے۔
پولیس کے مطابق گرنے والی دیوار تقریباً 100 فٹ لمبی اور 11 فٹ اونچی تھی، دیوار کے ساتھ پل کی تعمیر کے لیے موجود مزدوروں نے ٹینٹ لگا رکھا تھا۔
ریسکیو عملے نے دیوارکے ملبے سے 4 مزدوروں کو زندہ نکال لیا جبکہ مزید افراد کی تلاش کے لیے مشین کی مدد سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
دریں اثناء بارش کے دوران تھانہ کھنہ کے علاقے محمد ٹاؤن میں دیوار گرنے سے 11 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی۔
راولپنڈی میں طوفانی بارش کے بعد پاک فوج کے دستے نالہ لئی پہنچ گئے ہیں اور کمشنر راولپنڈی کی ہدایت پر کٹاریاں اور گوالمنڈی سے شہریوں کا انخلا شروع کردیا گیا ہے۔
کمشنر راولپنڈی کا کہنا ہےکہ رین ایمرجنسی کے پیش نظر پاک فوج کے دستوں کو نالہ لئی پر تعینات کردیا گیا ہے، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ موجود رہے گی۔