راولپنڈی (ڈیسک) اسلام آباد ، گرد و نواح، پنجاب اور پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری و ساری ہے جس سے نشیبی علاقے اور سڑکیں زیر آب آ گئے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں اب تک 59ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، سیدپور یے مقام 45، گولڑہ کے مقام پر 53، بوکڑا کے مقام پر 55، پی ایم ڈی ایچ ایٹ کے مقام پر 48 شمس آباد کے مقام پر49 چکلالہ کے مقام پر 59 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونا شروع ہوگئی، نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 10 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 8فٹ تک پہنچ چکی ہے، نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 11.4 فٹ اور گوالمنڈی کے مقام پر 8.3 پر پہنچنے پر پری الرٹ وارننگ ڈکلیئر کردی جاتی ہے۔
نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کیلئے واسا کا عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ سڑکوں اور شاہراہوں سے پانی نکالنے اور ٹریفک بحال کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
پختونخوا کے شہروں پشاور، چارسدہ، مردان، نوشہرہ، صوابی، مالاکنڈ، سوات اور صوبے کے بیشتر حصوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا۔
تیز بارش سے ندی نالوں میں بہاؤ تیز ہوگیا اور پانی سڑکوں، گلیوں اور گھروں میں داخل ہوگیا۔
بارشوں سے جانی اور مالی نقصانات بھی ہوئے ہیں، بونیر کے گاؤں تختہ بند میں طوفانی بارش کی وجہ سے کمرے کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں ایک خاتون موقع پر جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوگئے۔
پشاور میں بارش سے بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہونے سے شہر کے بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔ کئی گھنٹوں تک بجلی کا نظام بحال نہ ہو سکا۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے بیشتر حصوں میں 30 جون تک وفقے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔