تل ابیب (نیوز ڈیسک) امریکی مشیر سلامتی جیک سلیوان سے ملاقات میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حماس کے خلاف اسرائیل کی مکمل فتح تک جنگ جاری رکھنے کا اپنا مؤقف دہرا دیا۔
تل ابیب میں امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان سے ملاقات میں نیتن یاہو نے امریکی مؤقف سے اختلاف کرتے ہوئے 2 ریاستی حل کو بھی مسترد کردیا۔
نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ اسرائیل جنگ کے بعد غزہ کے کنٹرول سے متعلق امریکی مؤقف سے اتفاق نہیں کرتا، دو ریاستی حل بھی قبول نہیں۔
امریکی مشیر سے ملاقات کے دوران اسرائیلی وزیراعظم نے حوثیوں اور حزب اللہ سے لاحق خطرات پر بھی بات چیت کی۔
قبل ازیں جیک سلیوان سے ملاقات میں اسرائیلی وزیر دفاع یواف گیلنٹ نےکہا تھا کہ حماس سے جنگ کئی ماہ سے زیادہ جاری رہ سکتی ہے۔
جیک سلیوان کی اسرائیلی حکام سے ملاقاتوں کے بعد وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان کربی نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا جنگ کا جلد خاتمہ چاہتا ہے۔
جان کربی کا کہنا تھا کہ ہم اسرائیل کو جنگ بندی سے متعلق کوئی شرائط ڈکٹیٹ نہیں کر رہے تاہم اس ٹائم لائن کو فالو کر رہے ہیں جو اسرائیلی وزیر دفاع کی جانب سے دی گئی تھی۔
قبل ازیں امریکی صدر نے اپنے بیان میں اسرائیلی وزیراعظم کو خبردار کیا تھا کہ غزہ پر بلاتفریق بمباری سے اسرائیل عالمی حمایت کھو رہا ہے، انہوں نے نیتن یاہو کو کابینہ میں تبدیلیوں کا مشورہ دیا تھا۔
امریکی صدر کے بیان کے بعد اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ عالمی حمایت ساتھ ہو یا نہ ہو غزہ میں کامیابی تک اسرائیل جنگ جاری رکھے گا۔