بیروت (نیوز ڈیسک) اسرائیلی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت پر بمباری کرکے حزب اللہ کے سینئر رہنما ہاشم صفی الدین کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیل نے کہا ہے کہ اس نے لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے لیے ہتھیار تیار کرنے والے رہنما محمد یوسف انیسی کو بھی شہید کردیا ہے۔
ہاشم صفی الدین حزب اللہ کے متوقع سیکریٹری جنرل تھے، ایسی اطلاعات تھیں کہ حزب اللہ کے شہید سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ کی جگہ ان کے قریبی عزیز ہاشم صفی الدین کو یہ منصب دیا جائے گا۔
حزب اللہ نے تاحال اسرائیلی دعوے کی تصدیق یا تردید نہیں کی تاہم ایئرپورٹ کے قریب دھماکے سنے گئے اور دھوئیں کے بادل میلوں دور تک دکھائی دیے۔
قبل ازیں لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے جھڑپوں میں اسرائیل کے 17 فوجی مارنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ سرحدی قصبے مرعون الراس میں دراندازی کی کوشش کرنے والے اسرائیلی فوجیوں کو بم کا نشانہ بنایا گیاتاہم اسرائیلی حکومت نے ایک فوجی کے ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیل کی لبنان کے مختلف علاقوں پر بمباری جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں 37 لبنانی شہری جاں بحق اور 151 زخمی ہوئے ہیں۔
مغربی کنارے پر اسرائیل نے پناہ گزین کیمپ پر حملہ کیا ہے جس میں 16 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی کردیے۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ تلکرم پر حملے میں حماس رہنما یاسر عبدالراق بھی مارے گئے ہیں۔