رام اللہ (نیوز ڈیسک) جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے دو نوجوانوں کو شہید جبکہ مغربی کنارے سے سیکڑوں فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے منگل کی علی الصبح اچانک کارروائی کی جہاں بیتونیا اور رام اللہ سمیت دیگر علاقوں سے سیکڑوں نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ اس دوران دو نوجوان فائرنگ سے شدید زخمی ہوئے جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیل 7 اکتوبر کو غزہ پر حملے کے بعد سے 3200 سے زائد فلسطینیوں کو گرفتار کرچکا ہے جن میں سے زیادہ تر افراد کو ان کے گھروں اور چیک پوائنٹس سے گرفتار کیا گیا۔
یاد رہےکہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے میں دو روز کی توسیع کی گئی ہے جبکہ دونوں طرف سے یرغمالیوں کو رہا کیا جارہا ہے۔